جمعہ 2 اکتوبر 2026 - 18:34
یمن کے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کرنا افسوسناک ہے، حجت الاسلام سید حسنین عباس گردیزی

حوزہ/مجلسِ علماء مکتب اہل بیت پاکستان کے مرکزی صدر حجت الاسلام والمسلمین سید حسنین عباس گردیزی نے جمعہ کے خطبے میں کہا ہے کہ یمن اور انصار اللہ کے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کرکے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیبِ نمازِ جمعہ جامع مسجد علی ابنِ ابی طالب بھارہ کہو اسلام آباد حجت الاسلام والمسلمین سید حسنین عباس گردیزی نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ یمن اور انصار اللہ کے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کرکے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب یمن پر بمباری اور حملے ہوتے ہیں تو بعض مذہبی حلقے خاموش رہتے ہیں، لیکن انصار اللہ کی جانب سے کسی جوابی کارروائی کی خبر آتے ہی مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے بیانات شروع کر دیے جاتے ہیں۔ یہ طرزِ عمل نہ انصاف ہے اور نہ قرآن کی تعلیم۔

علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ مدینہ منورہ میں مبینہ ڈرون حملے کے معاملے میں بھی مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، اس لیے قرآن کے اصول «فَتَبَيَّنُوا» کے مطابق خبر کی تحقیق ضروری ہے۔ کسی الزام کو بغیر تحقیق کے قبول کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکہ و مدینہ پوری امت مسلمہ کے مقدس مقامات ہیں، ان کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے، لیکن مقدس مقامات کے نام پر فرقہ واریت اور جھوٹا پروپیگنڈا بھی ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے مسئلے کو فرقہ وارانہ عینک سے نہیں، بلکہ عدل، حقائق اور پورے علاقائی تناظر میں دیکھا جائے۔ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو مستند معلومات دیں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے بجائے اتحاد و انصاف کی دعوت دیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha